خیبرپختونخوا میں ماحول دوست اقدام، پاکستان ٹوبیکو کمپنی اور محکمہ جنگلات کا تاریخی اشتراک

جمعہ 11 اپریل 2025 22:19

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2025ء)پاکستان ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ اور محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے درمیان ‘‘جنگلات اپناؤ’’ پروگرام کے تحت باہمی اشتراک کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ تقریب ڈویڑنل فارسٹ آفیسر نوشہرہ کے دفتر میں منعقد ہوئی، جہاں ڈویڑنل فارسٹ آفیسر جناب طارق خادم اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے ہیڈ آف ایکسٹرنل افیئرز و کمپنی سیکرٹری، جناب سمیع زمان نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

تقریب میں پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی جانب سے عمادالدین محمد، سید علی عباس، جمال تورو اور عامر لودھی نے بھی شرکت کی۔‘‘جنگلات اپناؤ’’ پروگرام کے تحت محکمہ جنگلات، پاکستان ٹوبیکو کمپنی کو 200 ایکڑ رقبہ مہیا کرے گا جس پر کمپنی محکمہ جنگلات کے تعاون سے مقامی اقسام کے درخت لگائے گی۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری کا فروغ اور حیاتیاتی تنوع کو محفوظ بنانا ہے۔

اس موقع پر سمیع زمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے اب تک 160 ملین سے زائد پودے تقسیم کیے ہیں اور 38 ہیکٹر پر کنزرویشن سائٹس قائم کی ہیں، جو کمپنی کے ماحول دوست وڑن کی عکاسی کرتے ہیں۔ڈویڑنل فارسٹ آفیسر جناب طارق خادم نے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ‘‘جنگلات اپناؤ’’ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے مفید ہے بلکہ اس کے دیرپا اثرات آئندہ نسلوں کے لیے بھی مثبت ہوں گے۔یہ اشتراک ایک نئے، سرسبز پاکستان کی جانب ایک عملی قدم ہے، جس سے نہ صرف مقامی ایکو سسٹم مضبوط ہوگا بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :