Live Updates

اعظم سواتی نے اسٹیبلشمنٹ پر جھوٹے الزامات لگائے اور آج بات چیت کیلئے پاؤں پکڑ رہا ہے

عمران خان کو سزائیں عدالتوں میں ہوئیں، وہاں جاکر خود کو بے گناہ ثابت کریں، بانی پی ٹی آئی کا جیل سے باہر آنادور تک نظر نہیں آرہا،میرا خیال ہے کہ بات معافی سے آگے نکل چکی ہے۔وزیرمملکت کھیل داس کوہستانی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 اپریل 2025 22:06

اعظم سواتی نے اسٹیبلشمنٹ پر جھوٹے الزامات لگائے اور آج بات چیت کیلئے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 11 اپریل 2025ء ) وزیرمملکت کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ اعظم سواتی نے اسٹیبلشمنٹ پر جھوٹے الزامات لگائے اور آج بات چیت کیلئے پاؤں پکڑ رہا ہے،عمران خان کو سزائیں عدالتوں میں ہوئیں، وہاں جاکر خود کو بے گناہ ثابت کریں،بانی پی ٹی آئی کا جیل سے باہر آنادور تک نظر نہیں آرہا۔انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈٹ کے لیٹا ہوا ہے کپتان، اعظم سواتی وہی شخص ہے جو اسٹیبلشمنٹ پر جھوٹے الزامات لگاتا تھا، رو کر ڈرامہ رچایا اور ویڈیو بھی بنائی تھی۔

آج یہ شخص بات چیت کیلئے پاؤں پکڑ رہا ہے ۔حکومت کی ترجیح اور فوکس پاکستانی معیشت کی ترقی و خوشحالی پر ہے۔ عمران خان کے قانونی معاملات ہیں، عمران خان کو سزائیں عدالتوں نے دی ہیں، ان کو اپنی بے گناہی بھی عدالتوں میں ہی ثابت کرنا ہے، ہماری ان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، وہ عدالتوں میں جاکر خود کو بے گناہ ثابت کریں۔

(جاری ہے)

عمران خان پر جو سنگین الزامات اور سزائیں ہیں ان کا مجھے دور دور تک باہر آنا نظر نہیں آرہا۔

میرا خیال ہے کہ بانی کی رہائی کیلئے بات معافی سے آگے نکل چکی ہے۔پی ٹی آئی کا احتجاج کرنا اورباہر لابنگ کروانااس کا مقصد اسٹیبلشمنٹ کو دباؤ میں لانا ہے ، لیکن اسٹیبلشمنٹ ملک کا اثاثہ ہے وہ آئین کے مطابق چلتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ نے کھل کر کہا ہے کہ ان کا سیاست اور سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اعظم خان سواتی نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نام لے کر کہا کہ ملک کی خاطر اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کریں ، بانی نے کہا وعدہ کرتا ہوں کہ کوئی انتقام نہیں لوں گا میرا ملک ڈوب رہا ہے، آج میں نے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت شروع کردی ہے، میرا کام نیک نیتی سے کوشش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بدھ کو کسی اہم شخصیت سے ملاقات کروں گا پھر لائحہ عمل بتاؤں گا، بات چیت کے عمل میں امید ہے کہ دوست ممالک بھی آگے آئیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات