یوم عاشور، کئی شہروں میں موبائل سروس جزوی بند،سیکورٹی ہائی الرٹ فوج تعینات

حساس مقامات سیل ،کئی شہروں میں ڈبل سواری اور ڈرون اڑانے پر پابندی عائد ، دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں، سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 جولائی 2025 12:37

یوم عاشور، کئی شہروں میں موبائل سروس جزوی بند،سیکورٹی ہائی الرٹ فوج ..
لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05جولائی 2025)ملک بھر میں یوم عاشورکے موقع پر کئی شہروں میں موبائل سروس جزوی بند،سیکورٹی ہائی الرٹ فوج تعینات،کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کے ساتھ نکالے جا رہے ہیں،حساس مقامات سیل کر دیاگیاہے جبکہ موبائل کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے۔

پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔کئی شہروں میں ڈبل سواری اور ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ رینجرز کے دستے پولیس کی معاونت کریں گے۔ جلوس کے راستوں میں آنیوالی مارکیٹیں بند رہیں گی۔ پولیس ترجمان کے مطابق موبائل فون سروس اتوار یوم عاشور کی شب 10 بجے کے بعد بحال کی جائے گی۔مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

جلوس کی سکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ اور رینجرز اہلکار بھی الرٹ ہیں،سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ڈولفن اسکواڈ، پیرو، ٹریفک پولیس اور دیگر فیلڈ فورسز کو بھی حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور محرم الحرام کے کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کروایا جا رہا ہے۔ جلوسوں اور مجالس کے اوقات، روٹس، اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی پابندی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیئے گئے ہیں تاکہ ہر لمحہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔آئی جی پنجاب کامزید کہناتھاکہ صوبے پولیس کو ان سیکیورٹی اقدامات میں کمیونٹی لیڈرز، صوبائی وزراء، آرمڈ فورسز، رینجرز، دیگر سیکیورٹی اداروں اور میڈیا کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ڈولفن اسکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تمام ٹیمیں 1122، فائر بریگیڈ، ریسکیو 15 سمیت دیگر اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں گی، جبکہ خواتین و بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔کراچی میں بھی صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی سٹریٹ اور کھارادر سمیت دیگر مختلف علاقوں میں بھی کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔اسی طرح پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نویں اور دسویں محرم کو موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔

شہر میں بی آر ٹی سروس بھی 2 دن کیلئے بند کر دی گئی ہے۔پشاور شہر میں 10 ہزار سے زائد پولیس و سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ افغان مہاجرین کے اندرون شہر داخلے پر بھی 2 دن کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے، قصہ خوانی بازار، خیبر بازار، سرکلر روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔