فیصل آباد چیمبر کے نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ کی غیر ملکیوں کے سیکورٹی سیل کے انچارج ابو ذر سرور بھٹی سے ملاقات

ہفتہ 12 اپریل 2025 17:18

فیصل آباد چیمبر کے نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ کی غیر ملکیوں کے سیکورٹی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب صدرشاہد ممتاز باجوہ نے فیصل آباد میں چینی ماہرین کی حفاظت کیلئے پولیس کے خصوصی اقدامات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ وہ چیمبر کے ذریعے چینیوں کو بلانے والے صنعتکاروں کو مطلوبہ ہدایت کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ ان کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔

غیر ملکیوں کے سیکورٹی سیل کے انچارج ابو ذر سرور بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کی مشاورت سے حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ابو ذر سرور نے کہا کہ موجودہ طریقہ کار کے تحت غیر ملکی اور خاص طور پر چینی انجینئر کو بلانے والوں کو اُن کی آمد سے 24گھنٹے قبل فارنرز سیکورٹی سیل کو مطلع کرنا ہوگا تاکہ اُن کی حفاظت کیلئے خصوصی نفری تعینات کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ براہ راست چینیوں کی سیکورٹی کو دیکھ رہے ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر انتہائی حساس علاقوں میں اُن کی نقل و حمل کو محدود کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ رات 7بجے کے بعد گھروں سے باہر نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چینیوں کی آمد کی اطلاع ملنے پر ان کیلئے ضروری سیکورٹی مہیا کی جائے گی۔ ایک چینی کیلئے دو یا دو سے زیادہ افراد تعینات کئے جا تے ہیں جو مختلف شفٹوں میں اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چینیوں کی نقل وحمل کی نگرانی آٹھ مختلف ایجنسیاں کرتی ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پولیس آ فیسر صاحبزادہ بلال عمر اور ایس ایس پی آپریشن محترمہ عمارہ شیرازی کی براہ راست نگرانی میں وزارت داخلہ کے دوسرے ترمیمی ایس او پیز کے مطابق اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چینیوں کی نقل وحرکت کیلئے بلٹ پروف گاڑی ضروری ہے جبکہ تھانہ ایکسپریس کی طرز پر فیڈمک میں کام کرنے والے چینیوں کو سیکورٹی بھی مہیا کی جا رہی ہے۔