پالیسی ریٹ میں کمی و مہنگائی پر قابو پانے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال اور صنعتی ترقی ممکن ہوگی، میاں ابوزر شاد

ہفتہ 12 اپریل 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں ابوزر شاد نے کہا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی اور مہنگائی پر قابو پانے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال اور صنعتی ترقی ممکن ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایل سی سی آئی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب،سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری ،سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار ، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سمیت ایف بی آر اور دیگر چیمبرز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

انہوں نے معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور پالیسی ریٹ میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جون 2023 میں یہ 22 فیصد تھا جو اب کم ہو کر 12 فیصد ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

مارچ 2024 میں مہنگائی 20.7 فیصد تھی جبکہ مارچ 2025 میں یہ صرف 0.7 فیصد رہ گئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے "اڑان پاکستان" پروگرام کی بھی تعریف کی ۔ میاں ابوزر شاد نے کہا کہ حالیہ عالمی تجارتی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کے لیے ایک موقع ہے کیونکہ امریکی منڈی میں ہماری مصنوعات پر ٹیرف ہمارے علاقائی حریفوں بنگلہ دیش، ویتنام اور سری لنکا کی نسبت کم ہیں۔

یہ برآمدات بڑھانے کا سنہری موقع ہے۔انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ صنعت کا جی ڈی پی میں حصہ 2017-18 میں 20 فیصد سے کم ہو کر 2023-24 میں 18.2 فیصد رہ گیا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی دو سہ ماہیوں میں صنعتی شرح نمو بالترتیب -0.66 اور -0.18 فیصد رہی۔ مہنگا خام مال، گیس ٹیرف، بند یونٹس پر MDI چارجز اور اضافی ڈیوٹیز ہماری صنعتوں کو غیر مقابلہ بنا رہی ہیں۔سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے ودہولڈنگ ایجنٹس کے لیے ٹرن اوور کی حد کو 100 ملین روپے سے بڑھا کر 250 ملین روپے کرنے کی تجویز دی۔

انہوں نے خاص طور پر برآمدکنندگان کو ریفنڈز کی بروقت ادائیگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ لیکویڈیٹی بحال ہو، سرمایہ کاری بڑھے اور معیشت کا پہیہ چلے۔ نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے طویل مدتی معاشی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پالیسیوں کو کم از کم 10 سالہ نقشہ راہ کے تحت ترتیب دیا جائے تاکہ پائیدار ترقی ممکن ہو۔ انہوں نے سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار نے پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبہ کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔