فلسطین میں انسانیت سوز مظالم پر نام نہاد مہذب دُنیائے عالم کو اپنی آنکھیں کھولنی ہونگی،مولانا انتخاب عالم چشتی

ملت اسلامیہ کو اسرائیل کی اس جارحیت کے خلاف ہر فور م پر آواز اُٹھانے کے ساتھ ساتھ جانی و مالی عملی اقدامات اُٹھانے چاہئیں

پیر 14 اپریل 2025 17:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء)غزہ فلسطین کے مسلمان شہداء کو خراج عقیدت اور اسرائیلیوں کے دہشت گردانہ اقدامات کے سامنے سینہ سپر مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بنیادی انسانی حقوق کی بحالی، امدادی سامان کی فراہمی اور پائیدار امن کے لیئے فوری اقدامات اشد ضروری ہیں۔فلسطین انبیاء کی سرزمین ظالم و جابر دُشمن کے زیر قبضہ ہے جسکے انسانیت سوز مظالم پر نام نہاد مہذب دُنیائے عالم کو اپنی آنکھیں کھولنی ہونگی۔

قبلہ اول کی آزادی ، انسانی جانوں اور عزت و آبرو کے تحفظ کے حوالہ سے اہل فلسطین کی ہر طرح سے حمایت و مدد ہم پر فرض بھی ہے اور قرض بھی ۔ان خیالات کا اظہار خطیب جامع مسجد قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر مولانا انتخاب عالم چشتی نے دوران خُطبہ جمعتہ المبارک کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ غزہ فلسطین میں ہزاروں بچوں ، جوانوں، بوڑھوں کی شہادتیں اور لاکھوں کا معذور اور زخمی ہونا57اسلامی ممالک کے ضمیر کو جھنجوڑنے کے لیئے کیا کافی نہیں ، کب تک خاموش تماشائی بنے رہیں گے۔

ملت اسلامیہ کو اسرائیل کی اس جارحیت کے خلاف ہر فور م پر آواز اُٹھانے کے ساتھ ساتھ جانی و مالی عملی اقدامات اُٹھانے چاہئیں۔مولانا انتخاب عالم چشتی نے کہا کہ غزہ فلسطین میں موجودہ حالات انتہائی سنگین اور خوفناک ہیں، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میںقیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، بنیادی سہولیات و انفراسٹرکچر کی تباہی و بربادی اور ہر نوع انسانی بحران میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف و رزی و توہین کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں کی غیر جانبداری و ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔

خطیب جامع مسجد قانون ساز اسمبلی مولانا انتخاب عالم چشتی نے دُعا کی کہ اللہ پاک قبلہ اول کو آزاد فرمائے ، غزہ فلسطین کے مسلمانوں کو فتح و نصرت سے ہمکنارفرمائے، عالم اسلام کے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق فرمائے، فلسطینی مجاہدین اور مُسلمانوں کی اللہ پاک اپنے خاص فرشتوںسے نصرت فرمائے۔