سمبڑیال ، کاشتکار گندم کی کٹائی ، گہائی اور ذخیرہ کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،محکمہ زراعت سمبڑیال

پیر 14 اپریل 2025 17:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) محکمہ زراعت سمبڑیال نےگندم کے کاشتکاروں کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ کاشتکار گندم کی کٹائی ، گہائی اور ذخیرہ کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر موسمی پیشن گوئی توجہ سے سنیں اور اس کے مطابق انتظامات کریں۔ ایگری کلچر آفیسر سمبڑیال ذیشان گورائیہ نے اے پی پی سے گفتگو سے کرتے ہوئے کہا کہ بارش کا خطرہ ہو تو کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور کھلواڑے لگاتے وقت سٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں،کھلواڑے اونچے کھیتوں میں لگائیں اور ان کے ارد گرد پانی کے نکاس کے لئے کھالی بنائیں اور جہاں تک ممکن ہو کٹائی ریپر یا کمبائن ہارویسٹر سے کریں تا کہ فصل زیادہ دیر تک کھیت میں نہ پڑی رہے۔

(جاری ہے)

گندم کی کٹائی سے ایک ماہ پہلے گوداموں کو خالی کر کے ان کی اچھی طرح صفائی کریں ذخیرہ کے لئے صاف اور ہوادار گودام استعمال کریں۔ دانوں کو سٹور کرتے وقت ان میں نمی کا تناسب 10 فی صد ہونا چاہیے۔گندم کو سٹور کرنے کے لئے ترجیحا نئی بوریاں استعمال کریں یا گندم کو سٹور کرنے کے لئے بوریوں کو دھوپ میں خشک کریں اور سفارش کردہ زہر کے محلول میں بھگولیں۔گوداموں میں محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے سفارش کردہ زہر کے محلول کا سپرے کریں تا کہ ان میں موجود کیڑے تلف ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :