بی جے پی حکومت نے170 سے زائد مدارس بند کر دیئے

پیر 14 اپریل 2025 21:00

دہرادون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) بھارتی ریاست اتر اکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے مختلف اضلاع میں 170سے زائد مدارس کو بند کر دیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاستی حکام نے ان مدارس کو مدرسہ بورڈ یا ریاستی محکمہ تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن نہ کرانے پر بند کیاہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے دفتر کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مدارس کے خلاف یہ کارروائی سرکاری ٹیموں کی طرف سے بڑے پیمانے پر کئے گئے سروے کے بعد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جن مدارس کو بی جے پی حکومت نے نشانہ بنایاہے ان میں سے بیشتر کئی دہائیوں سے کام کر رہے تھے ۔ ریاستی حکومت کے اس اقدام سے مسلمانوں میں شدید تشویش اور غم وغصہ پایاجاتاہے اور انہوں نے ریاست میں بی جے پی حکومت کی طرف سے مزید مدارس کے خلاف کارروائی کاخدشہ ظاہر کیا ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے ریاستی حکومت کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ متعصبانہ اقدامات سے گریز کرے جس سے کسی بھی گروہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے۔