آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر، پاکستان ویمنز نے ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست دے دی

پیر 14 اپریل 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) پاکستان ویمنز نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح ہے۔ ویسٹ انڈیز ویمنز 191 رنز کے ہدف کے تعاقب 39.2 اوورز میں 126 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عالیہ الین 22 اور شابیکا گجنابی 21 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستانی باؤلرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فاطمہ ثنا نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

نشرہ سندھو اور رامین شمیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ ویسٹ انڈیز کی دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔ اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سدرہ امین نے 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ اوپننگ بیٹر منیبہ علی نے 33 رنز بنائے۔ عالیہ ریاض نے 20 رنز اور سدرہ نواز نے 23 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایفی فلیچر اور ہیلی میتھیوز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی اس جیت نے نہ صرف ان کے ورلڈ کپ کوالیفیکیشن کے امکانات کو مزید مضبوط کیا ہے بلکہ ٹیم کے حوصلے بھی بلند کر دیئے ہیں۔