سیالکوٹ، پیسٹی سائیڈزڈیلرزکے نئے اور تجدید ی لائسنس کے حصول کے لئے کلاسز شروع

منگل 15 اپریل 2025 13:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن)سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد کی زیر نگرانی نئے اور تجدید ی پیسٹی سائیڈزڈیلرزکے لائسنس کے حصول کے لئے کلاسز کاآغاز کر دیا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر مقصود احمد نےاے پی پی کوبتایا کہ زرعی لائسنس میٹرک پاس نوجوانوں کے لیے آسان روزگار کا اہم جز و ہے۔

شہریوں کو زراعت کی مناسب تعلیم فراہم کر کے ملک میں زرعی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ٹریننگ پروگرام میں شرکاکو زرعی ادویات کے حصول اور فروخت کے طریقہ کار،زرعی زہروں کے گروپس اور ان کی درجہ بندی،کھادوں کے مناسب استعمال،فروٹ فلائی ٹریپ کی اہمیت،گندم کی بیماریاں،کیڑے اور ان کے انسداد،پیسٹی سائیڈ زسٹور کی خصوصیات،ریکارڈ مینٹیننس ،ڈینگی مچھر کی شناخت،بخار کی علامات اور انسداد،ٹڈی دل کی شناخت اور اس کا کنٹرول،مکئی کی جڑی بوٹیاں،نقصان دہ کیڑے،بیماریاں اور ان کی پہچان اور طریقہ انسداد،زرعی ادویات کے نمونہ جات کا طریقہ کاراور دھان کی فصل کے نقصان دہ کیڑے بیماریاں اور ان کی پہچان اور انسداد کے طریقہ کار کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نےبتایا کہ ان کلاسز میں نئے لائسنس کے حصول کے لیے81 جبکہ لائسنس کی تجدید کے لیے151امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں جن کا کلاسز کے بعد باقاعدہ امتحان لیا جائے گا اور پاس ہونے والے امیدواروں کو لائسنس جاری کیا جائے گا۔