بنگلہ دیشی کھلاڑی نگار سلطانہ اور شرمین اختر نے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کر لی

منگل 15 اپریل 2025 17:27

بنگلہ دیشی کھلاڑی نگار سلطانہ اور شرمین اختر نے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کوالیفائر کے ابتدائی دو میچز میں شاندار کارکردگی کے بعد بنگلہ دیشی کھلاڑی نگار سلطانہ اور شرمین اختر نے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ نگار سلطانہ اور شرمین اختر نے تھائی لینڈ کے خلاف 152 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت بنگلہ دیش نے 178 رنز سے فتح حاصل کی۔

نگار نے اس میچ میں 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آئرلینڈ کے خلاف بھی 51 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ان کی اس کارکردگی نے انہیں 16 درجے ترقی دے کر 17ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ شرمین اختر نے تھائی لینڈ کے خلاف ناقابلِ شکست 94 رنز اور آئرلینڈ کے خلاف 24 رنز بنائے جس کی بدولت وہ 11 درجے ترقی کے ساتھ 29ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بھی بیٹنگ میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ سدرہ امین نے 112 رنز کے ساتھ دو درجے ترقی حاصل کر کے مشترکہ طور پر 23ویں پوزیشن حاصل کی۔ عالیہ ریاض 140 رنز بنا کر 11 درجے ترقی پا کر 28ویں نمبر پر پہنچ گئیں جبکہ منیبہ علی 136 رنز کے ساتھ 9 درجے ترقی کر کے 38ویں پوزیشن پر آگئیں۔