کمشنرکی زیر صدارت 21 اپریل سے شروع ہونے والی پانچ روزہ "انسداد پولیومہم "کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

منگل 15 اپریل 2025 21:59

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں 21 اپریل سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیومہم کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے پولیو مہم کے سو فیصد اہداف یقینی بنانے کیلئے اپنی تیاریوں ، مائیکروں پلان ، فیلڈ اسٹاف کی ٹریننگ ، افرادی قوت ، ریزروفورس سمیت دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس کو ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران چاروں اضلاع میں 16 لاکھ 39ہزار 283 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے 326 یو سی ایم او ، ایک ہزار 367 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ ڈویژن بھر کی 318یونین کونسلوں میں مجموعی طورپر 7ہزار592 ٹیمیں جن میں 6 ہزار 969 موبائل ،424 فکسڈ اور 199 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں بچوں کو قطرے پلائیں گیں۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران 8 ہزار 746 ورکرز حصہ لیں گے جن میں محکمہ صحت کے 7ہزار 928، تعلیم کے 440 ، بہبود آبادی کے 249 ، سول ڈیفنس کے 34 اور دیگر محکموں کے 95 ملازمین شامل ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیاکہ چاروں اضلاع میں پولیو ورکرز کی ٹریننگ جاری ہے۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف موثر اور پائیدار اقدامات کی بدولت آئندہ نسلیں اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکتی ہیں، لہذا انسداد پولیو مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ ، اڈوں ، ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی یقینی بنائی جائے ، اس اہم ذمہ داری میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمدریاض ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر ، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف کے علاوہ سی ای اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔