مظفرآباد ،قانون ہی قانون کا کھلواڑ کرنے لگا

سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود نیلم پارک کے ساتھ نالے میں خالصہ سرکار پر رات کی تاریکی میں شیلٹر نصب کر لیا گیا

بدھ 16 اپریل 2025 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء) قانون ہی قانون کا کھلواڑ کرنے لگا، سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود نیلم پارک کے ساتھ نالے میں خالصہ سرکار پر رات کی تاریکی میں شیلٹر نصب کر لیا گیا۔بااثر افراد کی جانب سے خاصہ سرکار پر قبضہ پر عوام شدید مضطرب، متعدد مرتبہ عوام علاقہ کی جانب سے شکایات کے باوجود قبضہ مافیا نے شیلٹر نصب کر لیا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نیلم پارک کے ساتھ نالے میں موجود خالصہ سرکار پر اس سے قبل بھی قبضہ کی کوشش کو ناکام بنایا گیا اور انتظامیہ نے موقع پر آ کر مسمارگی کی تھی مگر سپریم کورٹ بار کے ایک بااثر شخصیت نے ایک بار پھر رات کی تاریکی میں شیلٹر نصب کر کے قبضہ جما لیا ہے۔ اس قبضہ کے حوالے سے انتظامیہ کو بروقت آگاہ بھی کیا گیا مگر انتظامیہ کاروائی کرنے سے قاصر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری اراضیات خالصہ سرکار پر اسی طرح قبضوں کا سلسلہ جاری رہا تو پھر بے کس و غریب عوام کدھر جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے قبضہ مافیا کی جانب سے لگائے جانے والے شیلٹر کو مسمار کر کے خالصہ سرکار اراضی کو واگزار کروائیں۔لوگوں کا یہ بھی کہنا تھاکہ تھانہ صدر قبضہ مافیا کی مبینہ پشت پناہی کر رہا ہے۔