تجاوزات و غیرقانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے آپریشن جاری

بدھ 16 اپریل 2025 16:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) ایڈمنسٹریٹر و ڈی سی لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ عظمی لاہور شہر بھر میں تجاوزات، غیرقانونی تعمیرات، لٹکتی تاروں اور جھگیوں کے خلاف متحرک ہے۔ شہری حدود میں جاری ان آپریشنز کا مقصد شہر کی خوبصورتی بحال کرنا، عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور انتظامی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان کے مطابق واہگہ اور عزیز بھٹی ٹائون سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران مجموعی طور پر 11 ٹرک سامان ضبط کیا گیا، 13 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2 املاک کو مسمار اور 66 دکانوں کو سیل کیا گیا۔سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا نے بتایا کہ بغیر منظوری کے نقشہ جات پر تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

اسی تسلسل میں تحصیل شالیمار کے علاقے میں 15 مرلہ سرکاری زمین قابضین سے واگزار کروائی گئی، جس کی مارکیٹ ویلیو 9 ملین روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ جھگیوں کے انخلا کے لیے میگا آپریشنز جاری ہیں جبکہ شہر بھر میں لٹکتی تاروں کو ہٹانے، بینرز، پوسٹرز اور فلیکسز کو اتارنے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔کارروائیوں کا دائرہ کار شہر کے مختلف علاقوں تک پھیلایا گیا ہے جن میں ٹاون شپ مارکیٹ، شریف پورہ روڈ، مکہ کالونی، مین بیدیاں روڈ، جی ٹی روڈ، دھرم پورہ، کماہاں لدھڑ، رانا چوک، کینال روڈ، برکی پوائنٹ، ملتان روڈ، شالیمار، چوہنگی ملتان بازار، مانگا منڈی بازار، منصورہ بازار، شاہدرہ ٹان اور ہربنس پورہ شامل ہیں۔

ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے واضح کیا کہ تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مفاد اور لاہور کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور عزم اور فعالیت کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے۔