پسرور،اسسٹنٹ کمشنر سدرہ ستار کا میونسپل پارک اور لائبریری کا دورہ، ناقص صورتحال پر برہمی، فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں

بدھ 16 اپریل 2025 17:37

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے میونسپل پارک پسرور اور سرکاری لائبریری کا اچانک دورہ کیا ،پارک کی ناقص صفائی، ٹوٹے جھولےاور بدانتظامی دیکھ کر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور موقع پر موجود متعلقہ عملے کو فوری طور پر صورتحال بہتر بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پارک عوامی تفریح کا مقام ہے، یہاں کی حالت زار ناقابلِ قبول ہے، صفائی، روشنی، سبزہ اور بچوں کے کھیلنے کے انتظامات کو فوری بہتر کیا جائے۔

انہوں نے پارک میں خراب جھولوں کو فوری طور پر مرمت کرنے، کوڑا کرکٹ صاف کرنے،لائٹس کی بحالی اور سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی کو یقینی بنانے کے احکامات دیے تاکہ شہری بلا خوف و خطر یہاں وقت گزار سکیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے سرکاری لائبریری کا بھی وزٹ کیا جہاں کتابوں کی ترتیب، صفائی اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری علم کا خزانہ ہے اور یہاں آنے والوں کو ایک پُرامن اور منظم ماحول مہیا کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ لائبریری میں مزید تازہ اور مفید کتابیں شامل کی جائیں، طلباء کے لیے بہتر نشست و روشنی کا انتظام کیا جائے اور انٹرنیٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔آخر میں اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری سہولیات عوام کا حق ہیں اور ان میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،میں خود مختلف جگہوں کے دورے جاری رکھوں گی اور عملے کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیتی رہوں گی۔

متعلقہ عنوان :