امارات میں فیس آئی ڈی پر مبنی ڈیجیٹل سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ

بینکنگ، ہیلتھ، ہاسپیٹیلیٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں ای ایمریٹس آئی ڈی کا استعمال بڑھایا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اپریل 2025 16:54

امارات میں فیس آئی ڈی پر مبنی ڈیجیٹل سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2025ء ) متحدہ عرب امارات میں چہرے کی شناخت کا استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل آئی ڈی سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات ایک متبادل ڈیجیٹل شناختی نظام متعارف کرانے کے لیے تیار ہے جو اہم خدمات تک رسائی کے لیے ایمریٹس آئی ڈی کارڈ پیش کرنے کی ضرورت کو ختم کر دے گا، یہ نظام ایک سال کے اندر شروع ہونے کی توقع ہے، چہرے کی شناخت اور بائیو میٹرک شناخت کا استعمال مختلف شعبوں میں سروس تک رسائی کو ہموار کرنے کے لیے کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز، اور پورٹ سکیورٹی (ICP) فی الحال بینکنگ، صحت کی دیکھ بھال، مہمان نوازی اور ٹیلی کمیونیکیشن جیسے شعبوں میں ای ایمریٹس آئی ڈی کے استعمال کو بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے، یہ بات فیڈرل نیشنل کونسل (FNC) کے اجلاس کے دوران سامنے آئی جہاں رکن عدنان الحمادی نے ڈیجیٹل تبدیلی میں ملک کی نمایاں پیشرفت کے باوجود فزیکل ایمریٹس آئی ڈی کارڈز کی مسلسل ضرورت پر تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ضرورت رہائشیوں کے لیے چیلنجز کا باعث بنی ہوئی ہے، صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی کے لیے مریضوں کو اب بھی فزیکل آئی ڈی کارڈ پیش کرنے کی ضرورت ہے جب کہ بینک بھی مالی لین دین کے لیے ان کا مطالبہ کرتے ہیں، مزید برآں ہوٹل کے مہمان اکثر اپنا اصل ایمریٹس آئی ڈی دکھائے بغیر چیک ان نہیں کر پاتے ہیں، ان ضروری شعبوں میں شناخت کی تصدیق کو ہموار کرنے کے لیے تیز رفتار اور مؤثر حل کی فوری ضرورت ہے۔

آئی سی پی کی جانب سے جواب دیتے ہوئے وفاقی قومی کونسل کے امور کے وزیر مملکت عبدالرحمٰن آل اویس نے تصدیق کی کہ ای ایمریٹس آئی ڈی کو پہلے ہی بہت سی سروسز میں کامیابی کے ساتھ لاگو کیا جا چکا ہے، اتھارٹی ایف این سی کی طرف سے نمایاں کردہ شعبوں میں اس کے استعمال کو بڑھانے کو ترجیح دے گی۔