سعودی عرب کا غیر قانونی حجاج اور سہولتکاروں کیلئے سخت سزاؤں کا اعلان

ہر قسم کے وزٹ ویزے کے حامل ان افراد پر بھی 20 ہزار ریال تک جرمانہ لاگو ہوگا جو حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں داخل ہونے یا قیام کرنے کی کوشش کریں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 اپریل 2025 15:39

سعودی عرب کا غیر قانونی حجاج اور سہولتکاروں کیلئے سخت سزاؤں کا اعلان
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2025ء ) سعودی عرب نے غیرقانونی طور پر حج کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے سخت سزاؤں کا اعلان کردیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مملکت کی وزارت داخلہ نے حج کے اجازت نامے کے لیے درکار ضوابط کی خلاف ورزی کرنے اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، اس ضمن میں وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے ان افراد پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا جو بغیر اجازت کے حج کرنے یا اس کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ ہر قسم کے وزٹ ویزے کے حامل ان افراد پر بھی 20 ہزار ریال تک جرمانہ لاگو ہوگا جو حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں داخل ہونے یا وہاں قیام کرنے کی کوشش کریں گے، کسی ایسے فرد کے لیے وزٹ ویزہ کے لیے درخواست دینے والے شخص پر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، جس نے اجازت کے بغیر حج کیا ہو یا اس کی کوشش کی ہو یا جو مخصوص مدت کے دوران مکہ شہر اور مقدس مقامات میں داخل ہوا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ہر اس شخص پر بھی یہی جرمانہ لاگو ہوگا جو وزٹ ویزہ ہولڈرز کو مخصوص مدت کے دوران مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات تک پہنچانے کی کوشش کرے گا، ایسے لوگوں کو بھی اس جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا جو وزٹ ویزہ ہولڈرز کو ہوٹل، اپارٹمنٹس، پرائیویٹ ہاؤسنگ، شیلٹرز یا عازمین حج کی رہائش گاہوں سمیت کسی بھی رہائش میں پناہ دیں گے یا اس کی کوشش بھی کریں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ حج کی کوشش کرنے والے غیر قانونی دراندازوں کو ان کے ممالک میں جلاوطن کر دیا جائے گا اور 10 سال تک مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی خواہ وہ رہائشی ہوں یا اپنے ویزہ کی مدت سے زائد قیام پذیر ہوں، اس کے ساتھ ساتھ وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ شہر اور مقدس مقامات تک پہنچانے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں اگر وہ ٹرانسپورٹر، سہولتکار یا کسی ساتھی کی ملکیت میں ہوں متعلقہ عدالت سے انہیں ضبط کرنے کی درخواست کی جائے گی۔