وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی ضیا الدین یونیورسٹی کی کامیابیوں کی تعریف

زچگی ہوم سے شروع ہونے والا ادارہ آج 5 اسپتالوں پر مشتمل ہے، وزیراعلی سندھ

بدھ 16 اپریل 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک باوقار اور متاثرکن تقریب میں ضیا الدین یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025 سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے ادارے کے قابلِ تحسین سفر کی تعریف کی اور فارغ التحصیل طلبہ کو ان کی تعلیمی کامیابیوں اور روشن مستقبل پر مبارکباد دی۔یہ تقریب ایجوکیشن سٹی کیمپس لنک روڈ پر منعقد ہوئی جو عزم، محنت اور تبدیلی کی علامت بنی۔

تقریب میں چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین، پرو چانسلر ڈاکٹر ندا حسین، سی ای او ڈاکٹر عماد حسین، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عباس ظفر، معزز فیکلٹی، بورڈ ممبران، خاندانوں اور فارغ التحصیل طلبہ نے شرکت کی۔اپنے کلیدی خطاب میں وزیراعلی سندھ نے فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے خاندانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا دن صرف تعلیمی کامیابی کا جشن نہیں بلکہ آپ سب کی ثابت قدمی اور محنت کا اعتراف بھی ہے۔

جب آپ اگلے مرحلے کی طرف بڑھیں تو آپ کا مقصد اعلی، اہداف بلند اور اثر دور رس ہونا چاہیے۔انہوں نے والدین اور سرپرستوں کے کلیدی کردار کو سراہا اور ان کی غیر متزلزل حمایت کی تعریف کی۔ فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے مستقبل کا سامنا کریں اور ضیا الدین یونیورسٹی کی طرف سے دی گئی اقدار دیانت، خدمت اور بہترین کارکردگی کو مشعل راہ بنائیں۔

وزیراعلی سندھ نے ضیا الدین یونیورسٹی کی غیر معمولی ترقی پر بھی روشنی ڈالی جو ڈاکٹر عاصم حسین کی بصیرت افروز قیادت میں ممکن ہوئی۔ انہوں نے ادارے کی قابلِ فخر تاریخ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیاد ایک معمولی زچگی ہوم سے رکھی گئی تھی جو ڈاکٹر اعجاز فاطمہ اور ڈاکٹر تجمل حسین کی کاوشوں کا نتیجہ تھا۔ آج یہ ادارہ پانچ اسپتالوں اور ایک معتبر تعلیمی نیٹ ورک میں تبدیل ہو چکا ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کے اہم سنگ میلوں کا ذکر کرتے ہوئے سکھر کیمپس کے افتتاح کو نمایاں کیا، جس کا افتتاح صدرِ پاکستان نے کیا تھا۔ وزیراعلی نے ضیا الدین یونیورسٹی کے اس عزم کی تعریف کی کہ وہ پسماندہ علاقوں میں عالمی معیار کی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر اب علمی اور طبی ترقی کا مرکز بن رہا ہے اور اس تبدیلی میں ضیا الدین یونیورسٹی کا کردار کلیدی ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تعلیمی ترقی کے لیے حکومت سندھ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ضیا الدین یونیورسٹی جیسے ادارے علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اپنے اختتامی کلمات میں انہوں نے گریجویٹس کو ذاتی کامیابی کے ساتھ ساتھ معاشرے پر مثبت اثر ڈالنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی یونیورسٹی کا فخر بنیں، اپنے خاندانوں کا فخر بنیں اور سب سے بڑھ کر، اپنے وطن کا فخر بنیں۔تقریب کا اختتام عزم، حوصلے اور جذبے کے ساتھ ہوا، جب فارغ التحصیل طلبا ضیا الدین یونیورسٹی کی شاندار روایت اور معیار کی روشنی میں اعتماد کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہے تھے۔