اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری میں سابق طالب علم سفیر محمد مجار القیس کی یاد میں تقریب کا انعقاد

بدھ 16 اپریل 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری نے اپنے ایک سابق طالب علم سفیر محمد مجار القیس کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا۔ اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری دارالحکومت کے سب سے پرانے تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے۔سفیرمحمد مجار القیس نے بنگلہ دیش جانے سے پہلے 1965 سے 1971 تک آئی سی بی میں تعلیم حاصل کی جہاں انہوں نے تین دہائیوں پر محیط ایک شاندار سفارتی کیریئر بنایا۔

سابق طلباءاور فیکلٹی نے سفیرمحمد مجار القیس کی بین الاقوامی سفارتکاری، انسانی حقوق اور ثقافتی تبادلے میں تعاون کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب میں منعقد کی۔ تقریب میں سینیٹر فوزیہ ارشد، سفیر اشرف قریشی، جج اطہر من اللہ اور ایئر چیف مارشل (ر)مجاہد حسین اشرف خان سمیت قابل ذکر سابق طلباء کو اکٹھا کیا گیا جنہوں نے اپنے سکول کے دنوں اور سفیر محمد مجار القیس کے ساتھ گزرے لمحوں کو یاد کیا۔

(جاری ہے)

سفیر اشرف قریشی نے کہا کہ وہ ایسا شخص تھا جس نے سیکھنے کو ایک ایڈونچر بنایا ، وہ ہر روز ایک نیا لفظ سیکھنے کے لئے خود کو چیلنج کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس نے ہمیں اپنے نظم و ضبط اور تجسس سے متاثر کیا۔ مہمان خصوصی نعیمہ مجار القیس تھیں جو یادگاری تقریب میں شرکت کے لئے بنگلہ دیش سے تشریف لائیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کالج کے لئے اپنے مرحوم شوہر کی گہری محبت کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیشہ مجار القیس کہتے تھے کہ جی سکس آئی سی بی ہارورڈ یونیورسٹی سے بہتر تھا کیونکہ اس نے اسے نہ صرف تعلیم بلکہ زندگی کی بنیاد دی۔ بنگلہ دیش کی وزارت تعلیم کے ایک اہلکار نے بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک پیغام بھیجا جس میں سفیر مجار القیس کو قابل ذکر وژن اور سفارتی ذہانت کے حامل سیاستدان کے طور پر بیان کیا گیا جن کی بین الاقوامی تعاون سے وابستگی نے ایک پائیدار میراث چھوڑی ہے۔ تقریب کا اختتام سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی علامتی یاد کے ساتھ ہوا جس کا نام سفیر کے نام پر رکھا گیا ۔