ڈسٹرکٹ کونسل چاغی کا سالانہ بجٹ اجلاس، آٹھ کروڑ کا بجٹ منظور

بدھ 16 اپریل 2025 21:55

چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)ڈسٹرکٹ کونسل چاغی کا سالانہ بجٹ اجلاس، آٹھ کروڑ کا بجٹ منظور، ڈسٹرکٹ کونسل چاغی کا سالانہ بجٹ اجلاس قاہد ایوان چیئرمین خان عبدالودود خان سنجرانی اور اسپیکر میر اسفندیار خان یارمحمدزی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سال 2024-25 کے لیے آٹھ کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔

اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد تمام یونین کونسلز کے چیئرمینز نے خطاب کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں، جو اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالودود سنجرانی نے کہا کہ بجٹ میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، صاف پانی، نکاسی آب، سڑکوں کی تعمیر، نوجوانوں کے روزگار اور خواتین کی خودمختاری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔اسپیکر میر اسفندیار یارمحمدزی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری اجتماعی مشاورت سے کی گئی ہے اور تمام علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فنڈز کے شفاف استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے اختتام پر تمام ممبران اور افسران کا شکریہ ادا کیا گیا اور ترقیاتی سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔