Live Updates

گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات، مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 17 جون 2025 22:58

گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے منگل کو گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ میں امن وامان، معاشی و ضم اضلاع کی صورتحال،صوبہ کوماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور کھیلوں کے فروغ بالخصوص خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تعلیم، تجارت، زراعت و سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا صوبہ عرصہ دراز سے دہشتگردی کا شکار ہے، پولیس اور سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے قابل قدر پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، صوبے کے وفاق کیساتھ کچھ مسائل ہیں جن کو جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر کو شعبہ تعلیم بالخصوص جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کیلئے صوبہ کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسٹریلیا کے تعلیمی اداروں میں اسکالرشپ میں اضافہ کیلئے بھی کہا۔

گورنر کا کہنا تھا کہ پرامن معاشرے کی تکمیل کے لیے تعلیم بنیادی ہتھیار ہے، بحیثیت گورنر صوبہ کے نوجوانوں کو تعلیم اور کھیل کے میدان میں آگے لانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہوںَ، گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ صوبہ میں انجمن ہلال احمر کی برانچز کی خدمات کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، ریڈ کریسنٹ کے زیرانتظام پشاور میں فری ایمبولینس سروس کا آغاز کیا گیا اور اس سروس کو ضم اضلاع سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں پہنچایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گلیشئیرز کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث اس صوبہ کو سب سے زیادہ ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث گزشتہ سالوں میں سیلابی صورتحال سے کافی جانی و مالی نقصانات اٹھانے پڑے۔

ملاقات میں آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنزنے جدید ٹیکنالوجی، طلباء کیلئے وظائف کے حوالے سے گورنر کے وژن کوسراہا اور کہاکہ آسٹریلیا خیبرپختونخوا میں شعبہ تعلیم سمیت مختلف پروگراموں پر کام کر رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کھیلوں کے فروغ بالخصوص خواتین کی کھیلوں میں شمولیت کی مکمل حوصلہ افزائی کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ آسٹریلین حکومت کیجانب سے خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کے تمام نوجوانوں کو میرٹ پر اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات