Live Updates

ایران اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے‘ گورنر پنجاب

منگل 17 جون 2025 22:36

ایران اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، اقوام متحدہ ایران اور اسرائیل کے درمیان تنائو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ممبر قومی اسمبلی شہلا رضا اور نبیل گبول سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اسرائیل سمیت کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاک فوج منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عراق میں پھنسے ہوئے پاکستانی زائرین کی ملک واپسی کا سلسلہ جاری ہے،حکومت اس میں مزید اقدامات کررہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دورِ حکومت میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کرکے تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی کو مضبوط اور مستحکم کرنا ترجیح ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سندھ کی طرح پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔

گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے ،مشکل کی گھڑی میں ایران کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحد ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گزشتہ روز ایرانی صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے بازی پاکستان اور ایران دوستی کا کھلا ثبوت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ میں بحثیت گورنر ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات