سندھ میں موٹر تھرڈ پارٹی لائیبیلٹی انشورنس کے نفاذ پر اجلاس کا انعقاد

جمعرات 17 اپریل 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حکومت سندھ مکیش کمار چاولہ کی زیرصدارت سندھ میں موٹرتھرڈ پارٹی لائیبیلٹی انشورنش کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر انشورنس، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان مجتبیٰ احمد لودھی، انشورنس ڈویژن کے حکام اور انشورنس انڈسٹری کے سینئر نمائندگان کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس میں سندھ بھر میں موٹر تھرڈ پارٹی لائیبیلٹی (ایم ٹی پی ایل) انشورنس کے نفاذ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اجلاس کے دوران کمشنر انشورنس نے سندھ میں موٹر تھرڈ پارٹی لائیبیلٹی (ایم ٹی پی ایل) انشورنس کے مکمل اور شفاف نفاذ کی اہمیت پر زور دیا جس میں تمام لائسنس یافتہ انشورنس کمپنیوں کی فعال شمولیت ضروری قرار دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس اصلاحات کو روڈاستعمال کرنے والوں کے لیے مالی تحفظ کو یقینی بنانے اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے رویے کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے وفد کو حکومت سندھ کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے اس عوامی مفاد کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول موٹر تھرڈ پارٹی لائیبیلٹی انشورنس (ایم ٹی پی ایل) کے نفاذ کیلئے ضروری اقدامات کرے گا اور عوام الناس کے مفادات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ کمشنر انشورنس نے بھی حکومت سندھ اور انشورنس انڈسٹری کو ایس ای سی پی کی جانب سے اہم اصلاحات کو فروغ دینے اور نافذ کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ یہ اجلاس سندھ میں گاڑیوں کے مالکان اور مسافروں کے لیے انشورنس کوریج کو وسعت دینے اور سڑکوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کی حیثیت رکھتا ہے۔