سیکیورٹی خدشات،لکس اسٹائل ایوارڈز2025 منسوخ

پاکستان میں ویسے ہی ایوارڈ شوز کم ہوتے ہیں، اب یہ واحد ایونٹ بھی منسوخ ہو گیا، یہ سراسر ناانصافی ہے،صارفین

جمعرات 17 اپریل 2025 15:33

سیکیورٹی خدشات،لکس اسٹائل ایوارڈز2025 منسوخ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 منسوخ کر دیے گئے، منسوخی کی بڑی وجہ بھی سامنے آ گئی۔پاکستان کے سب سے بڑے اور طویل المدتی لکس اسٹائل ایوارڈز کو 2001 میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے محنتی فنکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا، ہر سال یہ ایوارڈز شوبز، فیشن، میوزک اور ٹی وی کی دنیا کے بہترین ستاروں کو اعزازات سے نوازتے ہیں۔

اس سال 24 ویں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب 7 مئی کو لاہور میں منعقد ہونے والی تھی، لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 کو باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔اس خبر کی منتظمین نے خود تصدیق کی ہے اور یہ اطلاع ڈیوا پاکستان کے آفیشل انسٹاگرام اکانٹ پر شیئر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایوارڈز کی منسوخی کی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائی گئی ہے۔

منتظمین نے تمام اسپانسرز، شائقین اور دیگر حمایتیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ایک بار پھر مل کر کام کرنے کی امید رکھتے ہیں۔تاہم مداحوں اور نامزد فنکاروں کے چاہنے والوں نے اس فیصلے پر شدید مایوسی اور غصے کا اظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے منتظمین کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا ہے اور تجویز دی ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باوجود مقام تبدیل کر کے ایوارڈ شو منعقد کیا جا سکتا تھا۔

ایک مداح نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ شائقین اور نامزد فنکاروں کے ساتھ ناانصافی ہے، اگر مقام کا مسئلہ ہے تو تبدیل کر لو، ایونٹ منسوخ کیوں کیا کم از کم ملتوی کر دیتے، یہ انتہائی غیر ذمے دارانہ فیصلہ ہے، ہم نے بہتر توقع کی تھی۔ایک اور صارف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ویسے ہی ایوارڈ شوز کم ہوتے ہیں، اب یہ واحد ایونٹ بھی منسوخ ہو گیا، اگر آپ لوگ ایک ایوارڈ شو تک منظم نہیں کر سکتے تو انڈسٹری کیسے ترقی کرے گی یہ سراسر ناانصافی ہے۔