وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی طاہرہ اور نگزیب سے ملاقات،ریلوے کی ترقی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار

جمعرات 17 اپریل 2025 17:14

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی طاہرہ اور نگزیب سے ملاقات،ریلوے کی ترقی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی مسلم لیگ (ن) کی رہنما طاہرہ اورنگزیب سے اسلام آباد میں ایک اعزازی ملاقات ہوئی، یہ ملاقات خوشگوار اور تعاون کے جذبے سے پر رہی۔ملاقات کے دوران، طاہرہ اورنگزیب نے وفاقی وزیر حنیف عباسی کو ان کے حالیہ تقرر پر دلی مبارکباد دی اور پاکستان ریلوے کے کامیاب آپریشن اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ حنیف عباسی کی قیادت میں پاکستان ریلوے مزید ترقی کرے گا، اس کی خدمات میں بہتری آئے گی اور ریلوے کا نظام مزید مستحکم ہوگا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان ریلوے کے مستقبل کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں ریلوے کے جدید کاری، مسافروں کی حفاظت اور ریلوے نیٹ ورک کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر حنیف عباسی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ چیلنجز موجود ہیں اور انہوں نے طاہرہ اورنگزیب کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان ریلوے کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کی معیشت اور ٹرانسپورٹیشن سسٹم میں بہتری آئے۔طاہرہ اورنگزیب نے گزشتہ روز شٹل ٹرین کے شاندار افتتاح پر وزیر ریلوے کو خراج تحسین پیش کی۔ اور حنیف عباسی کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات دینے کے عزم کو سراہا۔

اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے سیاسی معاملات اور ملکی حالات پر بھی گفتگو کی، اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔وزیر حنیف عباسی نے طاہرہ اورنگزیب کے پاکستان ریلوے کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلوے کی بہتری کے لیے خیالات کا تبادلہ اور تعاون جاری رہے گا۔