آئی سی سی آئی کا پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے بزنس فورم کا انعقاد

جمعرات 17 اپریل 2025 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے ایتھوپیا کے سفارت خانے، وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے عدیس ابابا، ایتھوپیا میں 15 سے 17 مئی کو ہونے والی پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش کے لیے مقامی تاجر برادری کو متحرک کرنے کے لیے ایک بزنس فورم کا انعقاد کیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق فورم کی صدارت ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر اور آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کی۔ تقریب میں وزارت تجارت کی جوائنٹ سیکرٹری ندرت حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔فورم میں کاروباری برادری کے اراکین نے بھرپور شرکت کی اور افریقہ خاص طور پر ایتھوپیا میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں سفیر ڈاکٹر جمال بیکر نے پاکستانی تاجروں کو ایتھوپیا میں وسیع اقتصادی مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے سنگل کنٹری ایگزیبیشن اور ’انویسٹ ان ایتھوپیا‘ بزنس فورم کی جانب سے پیش کیے جانے والے مواقع پر روشنی ڈالی۔انہوں نےکہاکہ یہ دونوں ایونٹس پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے نہ صرف ایتھوپیا کے ہم منصبوں کے ساتھ بلکہ پورے افریقی براعظم کے سرمایہ کاروں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے کے سنہری مواقع ہیں جو کہ 1.4 بلین سے زیادہ لوگوں کی مارکیٹ ہے اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔

انہوں نے دواسازی، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے پر زور دیا۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے سفیر کے ریمارکس کی تائید کرتے ہوئے ایتھوپیا کو پاکستانی برآمدات اور سرمایہ کاری کے لیے ایک سٹریٹجک ممکنہ منزل قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت، متحرک ایس ایم ای سیکٹر اور برآمدات پر مبنی معیشت افریقہ کی صنعتی ترقی میں ایک مضبوط پارٹنر کے طور پر کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی بامعنی بین الاقوامی تعاون کے لیے پرعزم ہے کیونکہ ہمارا مقصد اپنے کاروباریوں کو ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے جوڑنا اور اس طرح کے فورمز کے ذریعہ سرحد پار تجارت کو آسان بنانا ہے۔وزارت تجارت کی جوائنٹ سیکرٹری ندرت حسین نے حکومت پاکستان کی 'لُک افریقہ' اور 'انگیج افریقہ' پالیسیوں کے تحت افریقہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور تجارتی روابط سے فائدہ اٹھائیں۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر لائق دراز خان نے افریقہ کی بڑی آبادی اور صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کیا۔