سپیشل بچے ہماری توجہ،محبت اور شفقت کے مستحق ہیں،محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ

جمعرات 17 اپریل 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) دی لائن کلب سیالکوٹ کے صدر محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سپیشل بچے ہماری توجہ،محبت اور شفقت کے مستحق ہیں،ہمیں ان کے ساتھ پیار و محبت سے پیش آنا چاہیے اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں ہر ممکن مدد کرنی چاہیے ،ان تمام ٹیچرز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی انتھک محنت، صبر اور لگن سے ان بچوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔

ٹیچرز ان بچوں کے مستقبل کو سنوارنے میں جو کردار ادا کر رہی ہیں وہ یقیناً لائق تحسین ہے، لائن کلب ہمیشہ سے ہی معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کے لیے پیش پیش رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی لائٹ سکول کی 34 ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ٹیچرز ،والدین اور سپیشل بچوں میں خصوصی انعامات تقسیم کیے گئےجبکہ سپیشل بچوں نے ٹیچرز کی محنت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیبلو پیش کیے جس پر تقریب کے شرکاءکی آنکھیں نم ہو گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آفتاب حسین ناگرہ،چیئرمین دی لائٹ سکول شفقت چوہدری ،لائن فیضان کپور لائن عاشق باجوہ، لائن اکرم رضا، لائن فرقان ملک، لائن شہزاد مرزا ،لائن صدف غوث پرنسپل دی لائٹ سکول، لائن حسن وسیم ،لائن اسامہ وسیم نے انعامات تقسیم کیے اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ معذور بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں بھی عام بچوں کی طرح ترقی کرنے اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ ادارہ بحالی معذوراں دی لائٹ سکول ہر ممکن خدمت کرنے میں پیش پیش ہے تاکہ سپیشل بچوں کی معذوری ختم ہو اور وہ معاشرے کا اہم حصہ بن کر اپنی زندگی گزار سکیں۔ اس موقع پر ادارہ دی لائٹ کی 34ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔