اسلام آباد میں ژالہ باری سے تباہی، ورکشاپس والوں کی چاندی

انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا

جمعرات 17 اپریل 2025 21:15

اسلام آباد میں ژالہ باری سے تباہی، ورکشاپس والوں کی چاندی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ روز ہونیوالی شدید ژالہ باری سے گاڑیوں کی تباہی کے باعث ورکشاپس اور ونڈ سکرین تبدیل کرنے والوں کی چاندی ہوگئی۔انڈے کے سائز کے برف کے گولوں کی بارش نے سینکڑوں گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے، سولر پینلز سمیت درخت گرنے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا۔محتاط اندازوں کے مطابق سیکٹر ای11، ایف7اور میلوڈی کے قریب کم از کم 300 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

تاہم ضلعی انتظامیہ اب تک مجموعی نقصانات کا تخمینہ لگانے میں ناکام رہی ہے اور شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے نہ تو نقصانات کا سروے کیا اور نہ ہی متاثرین کے لیے کوئی امدادی اقدامات کیے۔ورکشاپس پر ونڈ سکرین کی تبدیلی کے ریٹس آسمان کو چھونے لگے جبکہ مکینکس نے مجبور شہریوں سے منہ مانگے دام وصول کرنا شروع کر دیئے۔

(جاری ہے)

شہریوں نے شکایت کی کہ ورکشاپس پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نقصانات کا فوری تخمینہ لگائے، متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کر اور ورکشاپس پر قیمتوں کو ریگولیٹ کرے تاکہ شہریوں سے زیادتی نہ ہو۔انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جس سے شہریوں میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :