خیبرپختونخوا میں دو لاکھ سے زائد مستحقین رمضان پیکیج سے محروم،عید کو تین ہفتے گزرنے کے باوجود تاخیر برقرار

جمعہ 18 اپریل 2025 03:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رمضان پیکیج کی تقسیم میں تاحال تاخیر برقرار ہے، جس کے باعث صوبے کے دو لاکھ سے زائد مستحق افراد اب بھی اس مالی امداد سے محروم ہیں۔ عید کو گزرے تین ہفتے گزر چکے مگر رمضان کیلئے مختص 10ہزار روپے کا پیکیج اب تک مکمل طور پر تقسیم نہ ہو سکا۔سوشل ویلفیئر کے حکام کے مطابق حکومت نے رواں سال 10لاکھ 16ہزار 395خاندانوں کو 10ہزار روپے فی کس کے حساب سے رمضان پیکیج دینے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم فہرستوں میں شامل ہزاروں افراد کے نام، شناختی کارڈ نمبرز اور دیگر معلومات میں فرق کی وجہ سے یہ پیکج بروقت تقسیم نہیں ہو سکا۔سوشل ویلفیئر حکام نے کہا ہے کہ اب تک 8لاکھ 5 ہزار مستحقین کو رمضان پیکیج فراہم کیا جا چکا ہے، جب کہ باقی افراد کو امداد دینے کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر برائے سوشل ویلفیئر قاسم علی شاہ نے تکنیکی مسائل کے باعث تاخیر کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد کو تاحال 10 ہزار روپے کی امداد نہیں مل سکی، ان کا ڈیٹا درست کرنے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ رمضان کے دوران 8 لاکھ افراد کو امداد فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ باقی رہ جانے والے مستحقین کی فہرستوں میں تصحیح کے بعد جلد رقم جاری کی جائے گی۔عوامی حلقوں کی جانب سے اس تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ رمضان کی بابرکت گھڑیوں کے بعد بھی مستحقین کی امداد میں تاخیر افسوسناک ہے، جسے فوری طور پر دور کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :