بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی میں شامل ہونے والے آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی رہنمائوں کی ملاقات

بدھ 2 جولائی 2025 18:57

بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی میں شامل ہونے والے آزاد جموں و کشمیر کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی میں شامل ہونے والے آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی رہنمائوں نے ملاقات کی چیئرمین نے انہیں پی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ بدھ کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری، خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے جنرل سیکریٹری فیصل ممتاز راٹھور، سردار ضیاء قمر اور چوہدری محمد ریاض موجود تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور موجودہ وزیراعظم کے مشیر سردار صغیر کو پی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن علی شان سونی اور پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی پی میں شامل ہونے والے رکن رفیق نیئر، آزاد جموں و کشمیر میں وزیر برائے ٹرانسپورٹ جاوید بٹ، کشمیر کونسل کے رکن سردار عدنان سیاب اور عمر تنویر الیاس نے بھی ملاقات کی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر میں شامل ہونے والے تمام سیاسی رہنمائوں کو خوش آمدید کہا۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آپ نے پوری دنیا میں کشمیر کی ترجمانی کی، ہم آپ کے مشکور ہیں۔ کشمیری رہنمائوں نے کہا کہ آپ نے کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے بہترین انداز میں پیش کیا۔