فلم جات سے متنازعہ مناظرہٹا دیے گئے، فلم سازوں نے معذرت کرلی

شدید ردِعمل کے بعد فلم سازوں نے فورا متنازعہ منظرکوفلم سے ہٹانے کا اعلان کیا

ہفتہ 19 اپریل 2025 18:11

فلم جات سے متنازعہ مناظرہٹا دیے گئے، فلم سازوں نے معذرت کرلی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) مشہور بالی ووڈ اداکار سنی دیول کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم جات نے باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل کی، تاہم ایک متنازعہ سین کے باعث فلم کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی، جس میں دعوی کیا گیا کہ فلم میں ایسے مناظر اور مکالمے شامل ہیں جو مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

شکایت کنندہ کے مطابق فلم میں ایک ایسا مکالمہ بھی شامل ہے جو عیسائیت کے مخالفین کو عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے پر اکسا سکتا ہے۔شدید ردِعمل کے بعد فلم سازوں نے فورا متنازعہ منظر کو فلم سے ہٹانے کا اعلان کیا اور مسیحی برادری سے باقاعدہ معذرت بھی کی۔ ایک بیان میں ان کی جانب سے کہا گیا کہ ہماری نیت کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی ہرگز نہیں تھی۔ ہم اس پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور منظر کو فوری طور پر حذف کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 10 اپریل کو ریلیز ہونے والی یہ فلم سنی دیول کی گدر 2 کے بعد بڑی اسکرین پر واپسی تھی، جس نے 65 کروڑ روپے سے زائد کما کر کامیابی حاصل کی۔ سنی دیول نے جلد ہی جات 2 بنانے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔