محکمہ صحت عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں رہے : خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 19 اپریل 2025 20:09

محکمہ صحت عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں رہے : ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں پنجاب ایگزیکٹو میڈیکل سٹاف کالج، پیرامیڈیکل سکول اور پاکستان جنرل آف ہیلتھ کی عمارت کا افتتاح کیا-اس موقع پر المنائی میٹ اپ کا بھی انتظام کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔

صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و پاپولیشن خواجہ عمران نذیر نے میٹ اپ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مختلف کلاس رومز میں جا کر طلباء و طالبات سے بھی ملاقات کی۔المنائی میٹ اپ میں پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، سیکرٹری محکمہ صحت و پاپولیشن نادیہ ثاقب، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، ڈاکٹر انجم رزاق، ڈاکٹر شکیلہ قریشی، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر عبدالمجید چوہدری، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے ڈاکٹر مشتاق سلہریا، ڈاکٹر عاصم الطاف، پروفیسر عطیہ عنایت اللہ، ڈاکٹر یداللہ، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عبد الرحمن، پروفیسر شاہد محمود و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے المنائی میٹ اپ کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئی پی ایچ المنائی کے سالانہ میٹ اپ میں تمام ہیلتھ پروفیشنلز کو دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ آئی پی ایچ میں طلباء کی قابلیت قابل ستائش ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

آئی پی ایچ میں زیر تعلیم بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں رہے گا۔

ایک صحت مند پنجاب ہمارا عزم ہے۔ صوبائی وزیر محکمہ صحت و پاپولیشن خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے عیبوں کی بجائے خوبیوں کو اجاگر کرنا چاہئے۔ پروفیسر سائرہ افضل نے آئی پی ایچ کو ترقی و جدت کی نئی راہوں پر گامزن کر دیا ہے۔