کراچی تا چٹاگانگ شپنگ روٹ کی بحالی علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے، افتخار علی ملک

اتوار 20 اپریل 2025 11:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کراچی تا چٹاگانگ شپنگ روٹ کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور بنگلہ دیش کی طرف سے اقتصادی تعلقات کی بحالی اور سارک ممالک کے درمیان تجارتی انضمام کو فروغ دینے کی کوششوں کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے مگر معاشی طور پر غیر منسلک خطے میں معاشی سرگرمیاں متحرک ہوں گی۔ کراچی اور چٹاگانگ کے درمیان روٹ کی بحالی سے علاقائی تجارتی سہولیات میں بہتری جبکہ نقل و حمل کے اخراجات اور ٹرانزٹ اوقات میں کمی آئے گی۔

(جاری ہے)

اس سے نئے تجارتی راستے کھلیں گے، اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور علاقائی استحکام کو فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور باہمی خوشحالی کے لیے جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانے کے وسیع عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ افتخار علی ملک نے اس پیش رفت کو سارک کے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش مکالمے پر مبنی تعاون کی ایک مثال قائم کر رہے ہیں، حالیہ مذاکرات کے نتیجے میں15 سال کے وقفے کے بعد خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مشاورت بحال ہوئی ہے جو سفارتی تعلقات میں برف پگھلنے کا واضح اشارہ ہے۔