اس ملک میں مزید عدم استحکام کے لیے بنیادیں رکھ دی گئی ہیں، مصطفیٰ نواز کھوکھر

ریاستوں کو خود کو پٹڑی پر ڈالنے میں دہائیاں لگتی ہیں لیکن ہم آج تک یہ ہی فیصلہ نہیں کرسکے کہ فارم 47 پر حکومت بنانی ہے یا عوام کی رائے تسلیم کرنی ہے؛ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 اپریل 2025 17:53

اس ملک میں مزید عدم استحکام کے لیے بنیادیں رکھ دی گئی ہیں، مصطفیٰ نواز ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2025ء ) معروف سیاستدان سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ اس ملک میں مزید عدم استحکام کے لیے بنیادیں رکھ دی گئی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے منعقد کردہ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 60 فیصد پاکستان مغرب کے بعد سڑکوں پر نہیں نکل سکتا، کوئٹہ میں تو کیا مغرب کے بعد اب بلوچستان کے کسی بھی علاقے میں نہیں جا سکتے، جنوبی اضلاع خیبر پختونخواہ کے وہاں پر ریاست کی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، ریاستوں کو دہائیاں لگتی ہیں خود کو پٹڑی پر ڈالنے میں لیکن ہم آج تک یہ ہی فیصلہ نہیں کر سکے کہ فارم 47 پر حکومت بنانی ہے یا عوام کی رائے تسلیم کرنی ہے۔

اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس ملک میں آئین پر حملہ ہوا ہے، آج ہم سب ایک فریب زدہ نظام میں جی رہے ہیں، اس ملک کی عوام کی منشاء پر حملہ ہوا ہے، اس ملک میں انتخابات کو لوٹا گیا ہے عوام کی رائے کو عوام کی آواز کو دبایا گیا ہے، آج اس فریب زدہ نظام میں ہم حق کے قافلے کے مسافر ہیں، ہم یزیدیت کو للکار رہے ہیں، ہم حق کی خاطر نکلے ہیں اور آئندہ بھی نکلتے رہیں گے، آؤ ہمارے ساتھ مکالمہ کرو ہم تیار ہیں ورنہ ہم اپنے مقدر کے لیے تیار ہیں اور جدوجہد کریں گے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مولانا نور الحق قادری نے کہا کہ ادارے بنانے کی ماں پارلیمنٹ ہے لیکن پارلیمنٹ میں جو حکومتی ممبران ہیں وہ ووٹ چور ہیں، میرے میں اتنی ہمت نہیں کہ کسی کو یزید کہہ سکوں کیوں کہ حالات بہت خراب ہیں لیکن یہ جو سٹیج پر بیٹھے ہیں ان کو حسینی کہہ سکتا ہوں، یہ حسینی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور ہر فورم پر کریں گے۔