Live Updates

مسلح تنازعات: مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں لاکھوں بچے ہلاک و زخمی

یو این بدھ 2 جولائی 2025 03:15

مسلح تنازعات: مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں لاکھوں بچے ہلاک و زخمی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 02 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے بتایا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں گزشتہ دو سال سے جاری مسلح تنازعات میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ بچے ہلاک، زخمی یا لاپتہ ہو چکے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ خطے کے 11 کروڑ بچے ایسے ممالک میں رہتے ہیں جہاں جنگوں میں گھروں، سکولوں اور طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے یا وہ تباہ ہو گئے ہیں۔

Tweet URL

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے یونیسف کے ریجنل ڈائریکٹر ایڈورڈ بیگبیڈر نے کہا ہے کہ اس خطے میں مسلح تنازعات کے باعث ہر پانچ سیکنڈ کے بعد ایک بچے کی زندگی منفی طور سے متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ادارے کا اندازہ ہے کہ رواں سال خطے بھر میں تقریباً چار کروڑ 50 لاکھ بچوں کو انسانی امداد کی ضرورت ہو گی جو 2020 کے مقابلے میں 41 فیصد بڑی تعداد ہے۔

امدادی وسائل کی کمی

ادارے کا کہنا ہے کہ امدادی مالی وسائل کی کمی کے باعث خطے بھر میں ضروری امدادی پروگراموں پر عملدرآمد میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ مثال کے طور پر مئی تک شام میں 78 فیصد امدادی ضروریات پوری نہیں ہو سکی تھیں جبکہ رواں سال فلسطین کے لیے طلب کردہ امدادی وسائل میں سے 32 فیصد ہی مہیا ہو پائے ہیں۔

علاوہ ازیں، یونیسف کے علاقائی پروگراموں کو بھی مالی وسائل کی بڑھتی قلت کا سامنا ہے۔

یونیسف کے مطابق، آئندہ سال امدادی منظرنامہ بھی تاریک دکھائی دیتا ہے۔ 2026 میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے امدادی مالی وسائل میں 20 تا 25 فیصد کمی کا امکان ہے جو تقریباً 37 کروڑ ڈالر کے برابر ہے۔

جنگوں کے خاتمے کا مطالبہ

ایڈورڈ بیگبیڈر نے کہا ہے کہ ان حالات میں ضروری امدادی پروگرام خطرے میں پڑ جائیں گے جن میں شدید غذائی قلت کا علاج، جنگ زدہ علاقوں میں پینے کے محفوظ پانی کی ترسیل اور مہلک بیماریوں کے خلاف ویکسین کی فراہمی بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خطے میں بچوں کی تکالیف میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ان پر قابو پانے کے لیے وسائل میں کمی آ رہی ہے۔ جنگوں کا خاتمہ ہونا چاہیے، بحرانوں کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں تیزی آنی چاہیے اور غیرمحفوط بچوں کے لیے مدد میں کمی کے بجائے اضافہ ہونا چاہیے۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات