بل درست کرانے آئی خاتون پر گارڈ کا تشدد، گھسیٹ کر باہر نکال دیا، ویڈیو وائرل ہونے پر انکوائری کا حکم

لیسکو آفس میں بجلی کا بل درست کروانے آئی خاتون سکیورٹی گارڈ کی منت سماجت بھی کرتی رہی مگر اس نے ایک نہ سنی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 جولائی 2025 10:59

بل درست کرانے آئی خاتون پر گارڈ کا تشدد، گھسیٹ کر باہر نکال دیا، ویڈیو ..
شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں بجلی کا بل ٹھیک کرانے آئی خاتون کو گھیسٹ کر باہر پھینک دیا گیا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ لیسکو آفس میں شیخوپورہ میں پیش آیا جہاں سکیورٹی گارڈ نے بزرگ خاتون پر بدترین تشدد کیا اور بل درست کرانے آئی خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہر نکال دیا، اس واقعے کی واقعے کی ویڈیو سامنے آنے پر ایس ای واپڈا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سکیورٹی گارڈ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔

                                                                       
بتایا گیا ہے کہ شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر واقع مین لیسکو آفس میں بزرگ خاتون اپنا بجلی کا بل درست کروانے کے لیے آئی تھی جہاں پر موجود سیکیورٹی گارڈز نے خاتون کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھتے ہوئے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور گھسیٹ کر گیٹ سے باہر پھینک دیا، بجلی کا بل درست کروانے آئی خاتون اس دوران سیکیورٹی گارڈ کی منت سماجت بھی کرتی رہی مگر اس نے ایک نہ سنی، سکیورٹی گارڈ نے پہلے معمر خاتون سے اس کی چھڑی چھین کر باہر پھینک دی اور پھر زمین پر گری خاتون کو بھی گھسیٹ کرگیٹ سے باہر پھینک دیا جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس دلخراش واقعے کی ویڈیو سامنے آنے پر ایس ای لیسکو نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سکیورٹی گارڈ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا، اس حوالے سے ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لیسکو آفس میں آنے والے سائلین کے ساتھ اس طرح کا ہتک آمیز رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔