سندھ میڈیکل کالج کے ممتاز گریجویٹس کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

اتوار 20 اپریل 2025 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے اپنے سندھ میڈیکل کالج کے ابتدائی سالوں کے گریجویٹس پاکستانی شعبہ صحت کی سات ممتاز شخصیات کو "لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز" سے نوازا۔ یہ اعزازات سندھ میڈیکل کالج کے ان گریجویٹس کو دیے گئے جنہوں نے کئی دہائیوں تک طب کے شعبے میں اپنی خدمات پیش کیں اور محیط سرجیکل جدت، کلینکل مہارت اور طبی تعلیم کے ذریعے ملک بھر میں مریضوں کے علاج کے معیار کو بہتر بنایا۔

لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز حاصل کرنے والوں میںپروفیسر ڈاکٹر تنویر رب(ماہر امراض قلب)،پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین ہاشمی (یورولوجسٹ)، ڈاکٹر قیصر سجاد(ماہرای این ٹی)، پروفیسر ڈاکٹر شاہد سمیع (ماہر امراض قلب)،پروفیسر ڈاکٹر نوشاد شیخ(جنرل سرجن)، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ حسین(گائناکالوجسٹ)، اور پروفیسر ڈاکٹر عاصم احمد(نیفرولوجسٹ) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں معزز مہمانانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حامد شفقت (ماہر امراض قلب)، پروفیسر ڈاکٹر زینت عیسانی (ماہر امراض اطفال)، پروفیسر ڈاکٹر صادقہ جعفری (ماہر امراض نسواں)، پروفیسر ڈاکٹر آل حسن زیدی (ماہر پیتھالوجی)،اور پروفیسر ڈاکٹر حسن فاطمہ جعفری (ماہر امراض نسواں)نے بھی شرکت کی۔ایس آئی یو ٹی کے بانی اور ممتاز ماہرِ امراض گردہ، اور پروگرام کے چیف گیسٹ پروفیسر ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی نے ویڈیو پیغام کے ذریعے شرکا سے خطاب کیا۔

انہوں نے جامعہ کی ان کوششوں کو سراہا جن کے ذریعے یونیورسٹی نے ایسے رہنما پیدا کیے جنہوں نے ملک میں طب کے شعبے میں انقلابی خدمات انجام دیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ،"یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہم اپنی یونیورسٹی کے ان گریجویٹس کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں جنہوں نے انسانیت کی خدمت ہمدردی کے جذبے سے کی۔

" انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداراہ آئندہ بھی ایسے ایوارڈز کے ذریعے اپنے گریجویٹس کو سراہتا رہے گا۔چیئرپرسن برائے امورِ سابق طلبا، ڈاکٹر راحت ناز نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ"یہ معزز گریجویٹس اپنے اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں جدید جراحی تکنیکیں، اعلی سطحی مریضوں کی دیکھ بھال، اور آنے والے طب کے ماہرین کی رہنمائی شامل ہے۔

"ڈاکٹر جاوید سلیمان، انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ اور یونیورسٹی کے سابق طالبعلم، جنہوں نے ایس ایم سی کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں تبدیل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، نے بھی اپنی یادیں اور تجربات شرکا سے خطاب کیے۔رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ یہ تقریب طبی ماہرین، جسمو کے فارغ التحصیل طلبا، اساتذہ کرام، اور طلبا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتے ہوئے فخر، اتحاد اور میراث کی عظمت کا پیغام دے گئی۔