وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صحت اور تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ہے،بخت محمد کاکڑ کا خطاب

اتوار 20 اپریل 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومتِ بلوچستان صحت عامہ کے شعبے کی بہتری کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صحت اور تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے 58ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر صحت نے کہا کہ فارغ التحصیل ڈاکٹرزاور آج کا دن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم صحیح سمت میں گامزن ہیں،انہوں نے اس موقع پر سی پی ایس پی بلوچستان کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، مؤثر قیادت اور لگن نے بلوچستان میں میڈیکل ایجوکیشن کو ایک نئی جہت بخشی ہے۔

(جاری ہے)

سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں طب کی اعلیٰ معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کرنے میں اپنی مثال آپ ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے طلبہ و طالبات کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں بھی ادارہ صوبے کے نوجوانوں کی قابلیت کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔تقریب میں فارغ التحصیل ہونے والے فیلوز نے خوشی و مسرت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو اپنے والدین، اساتذہ اور قریبی ساتھیوں کی دعاؤں اور رہنمائی کا ثمر قرار دیا۔