قصور،عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، ڈپٹی کمشنر

پیر 21 اپریل 2025 17:26

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے مصطفی آباد للیانی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو مہم کی چیکنگ کے سلسلہ میں ٹول پلازہ پر قائم پولیو بوتھ کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹرانزٹ پوائنٹ پر خود کھڑے ہو کر گاڑیوں، رکشوں اور موٹرسائیکلوں کو رکوایا اور بچوں کو اپنی نگرانی میں  پولیو کے قطرے پلوائے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے دو قطرے لازمی پلوائیں اور ٹیموں کیساتھ تعاون کریں۔ ڈی سی نے رورل ہیلتھ سینٹرمصطفی آباد کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

متعلقہ افسران کو فوری بہتری اور مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے، اس شعبے میں بہتری کے لیے ایسے اچانک دورے جاری رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر عمران علی نے مین فیروزپور روڈ کا بھی معائنہ کرکے مین روڈ پر تجاوزات، صفائی اور ٹریفک کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والی متعدد گاڑیوں اور رکشوں کے موقع پر چالان اور جرمانے بھی کیے۔

ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کرنے والی گاڑیوں سے متعلق سخت برہمی کا اظہار۔ دورے کے دوران سیکریٹری آر ٹی اے حافظ عثمان احمد، لوکل گورنمنٹ، متعلقہ تھانے کی پولیس اور ایل ڈبلیو ایم سی کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی سہولت اور شہر کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، فرائض میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔شہریوں کی سہولت اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ ٹریفک کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔\378