مسلم لیگ نون ڈویژن مظفرآباد کے کارکنان حکومت میں شامل وزراء کے ناروا رویوں اور پالیسیوں پر پھٹ پڑے

پارٹی قیادت کی بے رخی اور حکومت میں شامل وزراء کی کارکردگی پر شدید اعتراض، فوری طور پر حکومت سے علیحدہ ہونے کے اعلان کا مطالبہ

پیر 21 اپریل 2025 17:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء) تحریک آزادی کشمیر کے انقلابی رہنما راجہ محمد حیدر خان مرحوم کی 59 ویں برسی پر مسلم لیگ نون ڈویژن مظفرآباد کے کارکنان حکومت میں شامل وزراء کے ناروا رویوں اور پالیسیوں پر پھٹ پڑے۔ ایک طرف مرحوم کی سیاسی، سماجی، مذہبی، ریاستی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت تو دوسری جانب موجودہ پارٹی قیادت کی بے رخی اور حکومت میں شامل وزراء کی کارکردگی پر شدید اعتراض، فوری طور پر حکومت سے علیحدہ ہونے کے اعلان کا مطالبہ۔

اس موقع پر لیگی کارکنان مرد و زن کا کہنا تھا کہ آخر حکومت آزاد کشمیر میں شامل مسلم لیگ نون کے وزراء تحریک آزادی کشمیر کو کس سمت لے کر جانا چاہتے ہیں کیا مسلم لیگ نون کے نظریات و افکار ہمیں اسی بات کا سبق دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ لیگی وزراء حکومت کو فوری طور پر خیر آباد کہتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سیاسی افکار و نظریات کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قیادت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایک ایسی حکومت سے فل فور علیحدگی کا اعلان کرے جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے زہر قاتل بن چکی ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون خواتین ونگ کی مرکزی صدر محترمہ مریم کشمیری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ مسلم لیگ نون کی جانب سے کامیاب ہونے والے ایسے وزراء جو آج حکومت کا حصہ بنے ہوئے ہیں ان کی کارکردگی سے سخت نالاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومتی وزراء مسلم لیگ نون کے افکار و نظریات سے کوسوں دور ہو چکے ہیں اور وہ صرف پسند اور ناپسند اور ذاتی مفادات کی خاطر ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں پر گامزن ہیں۔

متعلقہ عنوان :