مظفرآباد ،پولیو سے بچائو کی قومی مہم ملک بھر میں 21 تا 25 اپریل تک جاری رہے گی

پیر 21 اپریل 2025 17:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے پولیو مہم کے آغاز پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ ضلع مظفرآباد میں پولیو مہم 2025 کے دوسرے رائونڈ کا باقاعدہ افتتاح ہو چکا ہے پولیو مہم 21 تا 25 اپریل 2025 کے دوران محکمہ صحت عامہ کی ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

پولیو سے بچائو کی قومی مہم ملک بھر میں 21 تا 25 اپریل تک جاری رہے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں وکشمیر دو دہائیوں سے پولیو فری سٹیٹ ہے جسکا کریڈٹ محکمہ صحت عامہ کے ملازمین اور فرنٹ لائن ورکرز کو جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک موزی مرض ہے جس سے بچائوکے لیے ہمیں ہر طرح کی حفاظتی تدابیر کرنی چاہیں ہمیں صحت عامہ کے نمائندوں سے تعاون کرنا چاہیے تا کہ اس موذی مرض کے پھیلائو سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ویکسین کے بارے میں آگاہی کی مزید ضرورت ہے مجھے یقین ہے کہ تمام والدین کو اپنے بچوں کے بارے میں بہترین سوچنے کا حق ہے تاکہ ان کے بچے صحت مند ہوں اور آزاد جموں وکشمیر کا مستقبل مزید محفوظ ہو پولیو وائرس ہمارے صحت مند مستقبل کیلئے ایک بڑی رکاوٹ ہے آئیں ہم سب مل کر اس کو شکست دیں اور پولیو سے پاک آزاد جموں وکشمیر کو مزید یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :