علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کیا،ذوالفقار بسرا

علامہ اقبالؒ کی کاوشوں سے ہی تحریک پاکستان نے زور پکڑا اور قائداعظم کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو ایک آزاد وطن پاکستان حاصل کرلیا

پیر 21 اپریل 2025 17:29

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء) نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی امریکہ ذوالفقار بسرا نے شاعر مشرق، مفکر اسلام ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے 87 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کیا اور ایک آزاد اسلامی ریاست کا تصور پیش کیا۔

انھوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی کاوشوں سے ہی تحریک پاکستان نے زور پکڑا اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو ایک آزاد وطن پاکستان حاصل کرلیا علامہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے اور ہمیں ان کے افکار کو اپنی نئی نسل تک پہنچانا چاہیے تاکہ وہ خودی، خود اعتمادی اور قومی وحدت کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک و ملت کی خدمت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کا درس دیا، جو آج کے دور میں بھی ہماری کامیابی کی کنجی ہے۔مفکر پاکستان کا شمار برصغیر پاک و ہند کی تاریخ ساز شخصیات میں ہوتا ہے،علامہ اقبال نے نہ صرف تصور پاکستان پیش کیا بلکہ اپنی شاعری سے مسلمانوں،نوجوانوں اور سماج کو آفاقی پیغام پہنچایا انھوں نے اس موقع پر قوم سے اپیل کی کہ وہ علامہ اقبالؒ کے افکار کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، پرامن اور خوشحال ملک بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔