پوپ فرانسس کا انتقال پوری مسیحی دنیا کا نقصان ہے،بشارت اُٹھوال

پوپ فرانسس کی زندگی محبت، معافی اور خدمت کا عملی درس ہے،ان کاخلا کبھی پورا نہیں ہوسکے گا،سلیم مائیکل/پرویز گل/ شہباز نذیر سرویا

پیر 21 اپریل 2025 17:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)ممتاز مسیحی سماجی رہنما بشارت اُٹھوال نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوپ فرانسس امن، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے علمبردار تھے، ان کی سادہ شخصیت، خدمتِ خلق اور دنیا بھر کے محروم طبقات کے لیے آواز بلند کرنے کا انداز ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کا انتقال پوری مسیحی دنیا کا روحانی نقصان ہے جسے کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔معروف مسیحی قانون دان اور انسانی حقوق کے علمبردار ایڈووکیٹ سلیم مائیکل نے کہا کہ پوپ فرانسس نہ صرف روحانی پیشوا تھے بلکہ عالمی سطح پر انسانی وقار، عدل و انصاف اور مذہبی آزادی کے لیے بھرپور آواز اٹھانے والے قائد تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمزور طبقات، مہاجرین، اور مذہبی اقلیتوں کے حق میں مسلسل جدوجہد کی۔

ان کا انتقال پوری انسانیت کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ممتاز مسیحی کاروباری شخصیت پرویز گل نے کہا کہ پوپ فرانسس کی زندگی سادگی، عاجزی اور انسان دوستی کی عملی تفسیر تھی۔ انہوں نے عالمی سطح پر غربت، ناانصافی اور تشدد کے خلاف کھل کر بات کی۔ ان کا انتقال نہ صرف مسیحی برادری بلکہ دنیا کے تمام پرامن انسانوں کے لیے افسوسناک لمحہ ہے۔ ان کی دعائیں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے پوپ فرانسس کی خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی زندگی محبت، معافی، اور خدمت کا عملی درس ہے۔ اُن کی تعلیمات نسلوں تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔معروف مسیحی سماجی رہنما شہباز نذیر سرویا نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوپ فرانسس کی قیادت نے نہ صرف چرچ بلکہ پوری دنیا میں روحانیت کو نئی زندگی دی۔ انہوں نے نوجوانوں، خواتین اور محروم اقوام کو عزت دی اور ان کے مسائل پر عالمی توجہ مرکوز کروائی۔ ان کا انتقال ایک عہد کے اختتام کے مترادف ہے۔

متعلقہ عنوان :