سرگودہا ڈویژن میں پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

پیر 21 اپریل 2025 17:43

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) سرگودہا ڈویژن میں پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ ڈویژن بھر کے چاروں اضلاع سرگودھا ، خوشاب ،میانوالی اور بھکر میں 16 لاکھ 39 ہزار 283 بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ان خیاات کا اظہار پیر کو کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے جاری پولیو مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کمشنر نے کہا کہ 326 یونین کونسلز میڈیکل اٖفسران ، ایک ہزار 367 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں ۔ ڈویژن کی 318 یونین کونسلوں میں مجموعی طورپر 7 ہزار592 ٹیمیں جن میں 6 ہزار 969 موبائل ،424 فکسڈ اور 199 ٹرانزٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ مہم کے دوران 8 ہزار 746 ورکرز حصہ رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے 7 ہزار 928، تعلیم کے 440 ، بہبود آبادی کے 249 ، سول ڈیفنس کے 34 اور دیگر محکموں کے 95 ملازمین شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

مائیکرو پلان کے مطابق سو فیصد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ والدین پیدائش سے لیکر پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ مسنگ بچوں کو ڈھونڈ کر ہر صورت کور کیا جائے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز محمد ریاض ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مشتاق عاکف ، میڈیکل آفیسر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پولیو مہم ڈاکٹر عائشہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔