پوپ فرانسس دنیا میں انسانی وقار و سماجی انصاف کی توانا آواز تھے، گوتیرش

یو این پیر 21 اپریل 2025 20:00

پوپ فرانسس دنیا میں انسانی وقار و سماجی انصاف کی توانا آواز تھے، گوتیرش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 21 اپریل 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے تقدس مآب پوپ فرانسس کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں امید، عاجزی اور انسانیت کا پیام بر اور امن، انسانی وقار و سماجی انصاف کے لیے بہت بڑی آواز قرار دیا ہے۔

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کی وفات پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پوپ فرانسس نے ایقان، خدمت اور تمام لوگوں کے ساتھ رحمدلی کا برتاؤ کرنے کی میراث چھوڑی ہے جن میں وہ لوگ خاص طور پر قابل ذکر ہیں جو زندگی میں پسماندہ رہ جاتے ہیں یا جنہیں مسلح تنازعات کی ہولناکیوں کا سامنا ہے۔

سیکرٹری جنرل کہا ہے کہ پوپ فرانسس تمام عقائد کے لوگوں کے لیے محترم تھے اور انہوں نے تمام مذاہب اور پس ہائے منظر سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ کام کیا اور روشن راستے کی جانب رہنمائی کی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے بھی اپنے اہداف اور تصورات کے لیے ان کے عزم سے بھرپور رہنمائی لی اور انہوں نے پوپ فرانسس کے ساتھ ملاقات میں انہیں بھی یہ بات بتائی تھی۔

سیکرٹری جنرل نے 2015 میں پوپ کی اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں آمد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران انہوں نے تمام انسانیت کے اتحاد کی بات کی اور کہا کہ دنیا بھر کے لوگوں کے اس مشترکہ گھر (اقوام متحدہ) کو تحفظ دینا ہر فرد کا اخلاقی فرض اور ذمہ داری ہے۔

پوپ کی جانب سے مسیحی پادریوں کو لکھے گئے خط 'لاؤداتو سی' کا اس عالمگیر تحرک میں اہم کردار تھا جس کے نتیجے میں موسمیاتی تبدیلی پر تاریخی پیرس معاہدہ طے پایا۔

انتونیو گوتیرش نے پوپ کے الفاظ کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ 'انسانیت کا مستقبل سیاست دانوں، بڑے رہنماؤں اور کاروباری اداروں کے ہاتھ میں ہے لیکن سب سے بڑھ کر، یہ ان لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جو دوسروں کو 'تم' اور خود کو 'ہم' کہتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی ہے کہ منقسم اور مایوس دنیا اتحاد اور باہمی مفاہمت کے لیے پوپ کی مثال پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کیتھولک مسیحیوں اور دنیا بھر کے ان لوگوں سے بھی اظہار تعزیت کیا ہے جنہوں نے پوپ فرانسس کی غیرمعمولی زندگی اور مثال سے رہنمائی لی۔