ٹرمپ عوام میں تفرقہ ڈال رہے ہیں اور حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، ظہران ممدانی

میں اپنا کام جاری رکھوں گا اور ریپبلکن جماعت کی جانب سے اختلاف رائے کو دبانے کی کوششوں کے خلاف لڑیں گے، صدرٹرمپ تقسیم کو ہوا دے رہے ہیں، نیویارک کے میئرل امیدوارکا ریلی سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 15:05

ٹرمپ عوام میں تفرقہ ڈال رہے ہیں اور حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)امریکی شہر نیویارک کے میئرل امیدوار ظہران ممدانی کاکہناہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عوام میں تفرقہ ڈال رہے ہیں اور حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، وہ اپنا کام جاری رکھیں گے اور ریپبلکن جماعت کی جانب سے اختلاف رائے کو دبانے کی کوششوں کے خلاف لڑیں گے،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی نے نیویارک میں ہوٹل اینڈ گیمنگ ٹریڈز کونسل کے صدر دفتر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مسلمان سیاستدان ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ کل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ملک بدر کیا جانا چاہیے۔ میری شہریت ختم کی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

اور انہوں نے یہ سب میرے بارے میں کہا ایک ایسے شخص کے بارے میں جو اس شہر کی تاریخ میں کئی نسلوں بعد پہلا مسلمان، جنوبی ایشیائی تارک وطن میئر بن سکتا ہے۔ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ممدانی کا مزید کہنا تھا کہ صدرٹرمپ تقسیم کو ہوا دے رہے ہیں۔

بجائے اس کے کہ وہ تسلیم کریں کہ انہوں نے نہ صرف نیویارک بلکہ امریکہ کے محنت کش امریکیوں کو مایوس کیا ہے۔ممدانی کا کہنا تھا کہ یہ سب اس لئے ہے کہ میں کون ہوں یا میں کہاں سے آیا ہوں یا میری شکل و صورت یا زبان کیسی ہے اور زیادہ اس لئے ہے کہ وہ توجہ ہٹانا چاہتے ہیں اس بات سے کہ میں کس کیلئے لڑتا ہوں۔ میں محنت کش عوام کیلئے لڑتا ہوں۔ڈیموکریٹ امیدوار نے ٹرمپ کے مشہور ٹیکس اور اخراجات کے منصوبے ”ون بگ بیوٹی فل بل“ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر جمعرات کو امریکی کانگریس میں اہم ووٹنگ متوقع ہے۔

ممدانی کے مطابق یہ بل امریکیوں کو صحت کی سہولیات سے محروم کر دے گا اور بھوکوں کے منہ سے کھانا چھین لے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہاتھاکہ وہ ہر قیمت پر ممدانی کو نیویارک سٹی کا میئر بننے سے روکیں گے۔ٹرمپ نے کہا بحیثیت امریکی صدر کے اس پاگل کو نیویارک تباہ نہیں کرنے دوں گا۔میرے پاس طاقت، اختیارات اور تمام کارڈز موجود ہیں، میں نیویارک سٹی کو بچاؤں گا اسے عظیم بناؤں گا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ظہران ممدانی ایک خالص کمیونسٹ ہے یہ نیویارک کیلئے بہت برا ہو گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ظہران ممدانی نیویارک کے میئر بنے تو نیویارک کو وفاقی فنڈز نہیں دئیے جائیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا تھاکہ اگر ممدانی جیت گئے اور میں دوبارہ صدر منتخب ہوا تو ظہران ممدانی کو صحیح کام کرنا پڑے گا، ورنہ نیویارک کو کوئی پیسہ نہیں ملے گا۔