وفاقی حکومت نہروں یا مائنز اینڈ منرل بل پر کسی صوبے پر اپنا نظریہ نہیں ڈالے گی

نہروں کے مسئلے پر آئین قانون کے مطابق بات ہوگی، کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا جارہا ہے، تمام معاملات کا حل آئین قانون کے مطابق نکالیں گے۔ پی ایم ایل این رہنماء طارق فضل چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 اپریل 2025 22:44

وفاقی حکومت نہروں یا مائنز اینڈ منرل بل پر کسی صوبے پر اپنا نظریہ نہیں ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 اپریل 2025ء ) پی ایم ایل این رہنماء طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نہروں یا مائنز اینڈ منرل بل پر کسی صوبے پر اپنا نظریہ نہیں ڈالے گی، نہروں کے مسئلے پر آئین قانون کے مطابق بات ہوگی۔ انہوں نے سماء نیو زکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کا ایشو ٹیکنیکل کم اور سیاسی زیادہ ہے، کسی کو کچھ پتا نہیں ، ان کو بتانا چاہئے کہ نہروں کے ایشو سے سندھ کی کتنی زمین بنجر ہوسکتی ہے؟ لوگوں کو تربیت قیادت نے دینی ہوتی ہے، سیاسی قیادت نے مقبول بیانیئے کی بجائے حقیقی بیانیہ دینا ہوتا ہے، کیونکہ ٹارگٹ پاکستان کو آگے لے کرجانے پر ہونا چاہیئے، اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، حقائق پر بات ہونی چاہئے، آئین قانون کے مطابق نہروں کے مسئلے پر بات ہوگی، وزیراعظم کی بھی ہدایت ہے کہ معاملے کو بات چیت سے حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

وسائل کی تقسیم کے معاملے موجود ہیں، کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا جارہا ہے، تمام معاملات کا حل انہی معاہدوں اور آئین قانون کے مطابق نکالے گی۔ وفاقی حکومت نہروں یا مائنز اینڈ منرل بل پر کسی صوبے پر اپنا نظریہ نہیں ڈالے گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپورکا کہنا ہے کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے حوالے سے بیانیہ بناکر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،وفاق سمیت کسی کو بھی اختیار دینے کی تجویز دی گئی ہے تو ثابت کریں، ہماری حکومت آئی تو مائنز اینڈ منرلزسے ہمارا ریونیو 6 ارب جبکہ اب ساڑھے 9ارب تک پہنچ چکا ہے، مائنز اینڈ منرل بل بانی پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق منظور کراؤں گا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ خیبرپختونخواہ کا اپنا بنایا ہوا ایکٹ ہے،ہماری حکومت آئی تو مائنز اینڈ منرلزسے ہمارا ریونیو 6 ارب روپے تھا۔ اب تک ریونیو ساڑھے 9ارب تک پہنچ چکا ہے، مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے حوالے سے بیانیہ بناکر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، برملا کہتا ہوں کہ وفاق سمیت کسی کو بھی اختیار دینے کی تجویز دی گئی تو ثابت کریں۔یہ ہمارا صوبہ ہے کوئی ہمیں نہ بتائے ہم سے زیادہ اس صوبے سے کون وفادار ہے؟سندھ بلوچستان اور پنجاب کا جوابدہ نہیں ہوں میں اپنے صوبے کا جوابدہ ہوں۔