ایبٹ آباد بزنس کونسل کا اے ٹی ایف کے الیکشن کمیشن بورڈ پر عدم اعتماد، مشاورتی اجلاس سے بائیکاٹ کا اعلان

منگل 22 اپریل 2025 16:45

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) ایبٹ آباد بزنس کونسل نے آل ٹریڈرز فیڈریشن کے مرکزی الیکشن کمیشن بورڈ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ان کے بلائے جانے والے مشاورتی اجلاس سے بھی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

بزنس کونسل کے ایگزیکٹو ممبر و سابق چیئرمین آل ٹریڈرز فیڈریشن حاجی سلطان احمد نواز نے چیئرمین وسیم علی ملک، ممبران خرم شہزاد اعوان، کبیر خان جدون، حاجی یونس، کامران احمد اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آل ٹریڈرز فیڈریشن کے سابق صدر اور جنرل سیکرٹری کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے آئینی جواب دینے کی بجائے آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے مشروط استعفیٰ لیا جبکہ سابق صدر کی جانب سے 19 صفحات کے اعتراضات پر بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا جس کےلئے مخصوص مدت میں باقاعدہ تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

انہوں نے قائم مقام عبوری جنرل سیکرٹری اور ترجمان کی جانب سے آج بلائے جانے والے اجلاس میں بھی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کرتے ہوئے نئے کمیشن کی تشکیل نو میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔