فیصل آباد کے صنعتکار وں کی مصنوعات عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے،شیخ محمد طاہر

منگل 22 اپریل 2025 16:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین شیخ محمد طاہر نے کہا کہ فیصل آباد کے صنعتکار عالمی معیار کی مصنوعات تیار کر رہے ہیں جنہیں عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینو فیکچرنگ اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ٹیکسٹائل ایشیا نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل نمائش کافیصل آبادمیں منعقد ہوناہمارے لئے باعث فخرہے جبکہ فیصل آباد کو پاکستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے تاہم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹرکے شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 60فیصد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات متعارف کرانے کے لئے پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن اورچیمبرآف کامرس کے اشتراک سے بین الاقوامی معیار کا ایکسپو سینٹر قائم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کرائیں تاکہ ان کی تیارکردہ مصنوعات عالمی منڈیوں میں مسابقت کی پوزیشن میں آسکیں۔بعدازاں انہوں نے مختلف سٹالز کادورہ کیا اور نمائش کے لئے رکھی گئی مشینری اور اشیا کے معیار کو سراہا۔