-پریس کلب کوئٹہ میں پریس کانفرنس کیلئے ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لینے کی شرط معطل

منگل 22 اپریل 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل عدالت عالیہ بلوچستان کے دو رکنی ڈویژنل بنچ نے ایک آئینی درخواست کے اندر اپنے ایک عبوری حکم کے زریعے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا 27 اگست 2024 کے حکم جس میں پریس کلب کوئٹہ میں پریس کانفرنس کیلئے ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت لینے کی شرط رکھی گتھی کو معطل کرتے ہوئے مقدمے کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا۔

15 اپریل 2025 کو اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو اس نکتے پر مطمئن کرنے کے لیے وقت مانگا کہ ڈپٹی کمشنر کس قانون کے تحت کسی بھی تنظیم یا سیاسی جماعت کو ضلعی انتظامیہ کے این او سی کے بغیر پریس کلب میں کانفرنس یا سیمینار منعقد کرنے سے روکنے کے حوالے سے کوئی حکم دینے کا مجاز ہے۔

(جاری ہے)

آج، اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ وہ پہلے ہی اس کا جواب جمع کرا چکے ہیں، جو غیر تسلی بخش ہے کیونکہ یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان 1973 کے آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی کے مترادف ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'ہر شہری کو آزادی اظہار اور اظہار رائے کا حق حاصل ہوگا، اور پریس کی آزادی ہوگی. مندرجہ بالا کے پیش نظر، ماہر اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلی تاریخ سماعت کو تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔

سیکرٹری پریس کلب کوئٹہ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلی تاریخ سماعت تک یا اس سے پہلے اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔